پشاور:شادی شدہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے بھائی اور باپ نے گھر میں 9 گولیاں ماریں، جن میں سے 6 گولیاں لڑکی کو لگیں۔ واقعے سے پہلے گھر میں بحث و مباحثہ اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ قتل کے بعد گھر والوں نے لڑکی کو رات کی تاریکی میں خاموشی سے جنازے کے بغیر دفن کر دیا۔
خاندان والوں نے چند سال پہلے لڑکی کی شادی اس کی مرضی اور پسند کے خلاف کی تھی، جبکہ مقتولہ لڑکی کو ایک دوسرے نوجوان سے محبت تھی اور اس کے ساتھ تعلق بھی تھا۔ مگر لڑکی کے گھر والوں نے ذات پات اور خاندان کو بنیاد بنا کر اس کی شادی کسی دوسرے گھرانے میں کر دی۔مقتولہ لڑکی نے پشاور یونیورسٹی سے بی ایس کیا تھا۔
شادی کے بعد لڑکی کے اپنے شوہر اور والدین کے ساتھ اختلافات رہتے تھے اور وہ ناراض رہا کرتی تھی۔ شادی کے بعد بھی لڑکی مبینہ طور پر اپنے پرانے عاشق کے رابطے میں تھی۔ لڑکی نے اس نوجوان کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنے گھر سے تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی دیا تھا۔ قتل سے چند دن پہلے مقتولہ لڑکی مبینہ طور پر اپنے سسرال سے غائب ہو گئی تھی، جس کی شکایت لڑکی کے والدین سے بھی کی گئی تھی۔
اس افسوسناک واقعے میں پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ اب تک لڑکی کے والد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ بھائی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
