پشاور: میں رہو گاڑی سے 720 کلو گرام چرس اور 
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے ایکسائز انٹیلی جنس بیورو نے منشیات کے خلاف اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں تقریباً ایک ٹن (960 کلو گرام) منشیات برآمد کر لی۔برآمد شدہ منشیات میں 18 من (720 کلو گرام) چرس اور 6 من (240 کلو گرام) افیون شامل ہے۔

محکمہ ایکسائز سے اس ضمن میں حاصل ہونے والے تفصیلات کے مطابق پراونشل انچارج ایکسائز انٹیلی جنس بیورو عاکف نواز خان کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر درمیانی شب پشاور میں ایکسائز انٹیلی جنس کی تین خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ ناکہ بندی کے دوران جہاز چوک کے قریب ایک مشتبہ ریو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے فرار کی کوشش کی اور ایکسائز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فرار کے دوران گاڑی نے دیگر گاڑیوں اور سڑک کے پلیٹ فارمز کو بھی ٹکر ماری، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔

ایکسائز ٹیموں نے تعاقب جاری رکھتے ہوئے رجسٹریشن نمبر SB  5069 Sindh ٹویوٹا ریو گاڑی کو رنگ روڈ پشاور کے قریب ڈبل روڈ پر قابو میں لے لیا، تاہم ڈرائیور شدید فائرنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہو گیا۔گاڑی کو ایکسائز پولیس اسٹیشن (EPS) پشاور منتقل کیا گیا، جہاں تلاشی کے دوران 720 کلو گرام چرس اور 240 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔

تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری اور واقعے میں ملوث دیگر عناصر کی شناخت کے لیے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے