صوابی: چھوٹا لاہور گاؤں میں پولیس نے 15 سالہ کمسن لڑکی سے مبینہ طور پر زبردستی شادی کرنے کی کوشش کرنے والے 70 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم مبینہ طور پر لڑکی کے والدین کی ملی بھگت سے کمسن لڑکی سے نکاح کرنے والا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی لیڈی کانسٹیبل سمیت دیگر نفری موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ لڑکی کی عمر صرف 15 سال ہے اور وہ بولنے اور سننے سے بھی قاصر ہے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 70 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کمسن بچی کے تحفظ اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واقعے نے کم عمر بچوں کی شادی اور ان کے تحفظ سے متعلق ایک بار پھر اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔
