ضلع وزیر آباد: مقامی مدرسے کے قاری نے تین کمسن بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے ۔ والدین کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ مقدمے کے مدعی نے بتایا کہ ان کا سات سالہ بیٹا اور ان کی سالی کا آٹھ سالہ بیٹا مقامی مدرسے میں قاری عبداللہ کے پاس دینی تعلیم حاصل کرتے تھے۔ ان کے مطابق 29 جون کو قاری عبداللہ مبینہ طور پر ان کی سالی کے بیٹے کو اپنے کمرے میں لے گیا جہاں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔ مدعی کا کہنا ہے کہ بچہ روتے ہوئے گھر پہنچا تو اس نے اہل خانہ کو تمام واقعہ بتایا، جس کے بعد ان کے اپنے سات سالہ بیٹے نے بھی انکشاف کیا کہ قاری مبینہ طور پر اس کے ساتھ بھی جنسی زیادتی کرتا رہا ہے۔ مدعی کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ایک اور بچے کے والدین نے بھی پولیس کو درخواست دی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کے بچے کو بھی اسی قاری نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
