نوشہرہ: ضلع نوشہرہ کے تھانہ اکبرپورہ کی حدود میں وراثتی گھر کی تقسیم کے تنازعے نے خونریز رخ اختیار کر لیا، جہاں دیور کی فائرنگ سے شوہر کو بچانے کی کوشش کرنے والی 17 سالہ حاملہ خاتون علینہ شہاب جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کے پیٹ میں موجود آٹھ ماہ کا نومولود بھی جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق وراثتی جائیداد کی تقسیم کے تنازعے پر ملزم محمد زبیر نے اپنے سگے بھائی محمد شہاب کو قتل کرنے کی نیت سے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس دوران آٹھ ماہ کی حاملہ علینہ اپنے شوہر کی جان بچانے کے لیے گولیوں کے سامنے آ گئی اور شدید زخمی ہوگئی۔
علینہ کو فوری طور پر میاں راشد میموریل ہسپتال پبی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ پوسٹ مارٹم کے دوران یہ بھی تصدیق ہوئی کہ گولیاں لگنے کے باعث اس کے آٹھ ماہ کے نومولود بچے کی بھی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کے بعد تھانہ اکبرپورہ میں ملزم محمد زبیر اور اس کے چچازاد بھائی مراد گل کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم مراد گل کو پشاور فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔